کرکٹ میں انقلابی تبدیلیاں، آئی سی سی کا اپریل فول؟

کرکٹ کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل میچز کے دوران اب آپ نیکر میں کھیلتے دیکھ سکتے ہیں، اب کرکٹ میں ٹاس نہیں ہوگا بلکہ ٹوئٹر کے صارفین فیصلہ کریں گے کہ کون سی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے گی۔
عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹوئٹر پر پیر کی صبح جب یہ اور اس جیسی دیگر باتیں کیں تو تبصروں کا ایک طوفان آ گیا مگر پھر صارفین کو خیال آیا کہ آج تو یکم اپریل ہے۔
ان اعلانات کے ساتھ آئی سی سی نے ہیش ٹیگ ‘کرکٹ ناٹ ایز یو نو’ کا استعمال بھی کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ ‘جیسی کرکٹ آپ جانتے ہیں ویسی نہیں’۔
اپنے پہلے ٹویٹ میں آئی سی سی نے لکھا وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سے قبل کچھ تبدیلیاں لا رہا ہے جس میں نوجوان نسل کے لیے کرکٹ کو مزید دلچسپ بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
تنظیم کے مطابق اب کھلاڑیوں کی جرسی پر نہ صرف نمبرز ہوں گے بلکہ ان کے انسٹاگرام ہینڈلز بھی ہوں گے۔

آئی سی سی نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ‘ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سے قبل مزید تبدیلیوں میں سکے اچھالنے کی جگہ ٹوئٹر پول ہوں گے جس میں کرکٹ کے مداحوں کو گھر بیٹھے یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ اس میں شریک ہوکر یہ فیصلہ کریں کہ کون سی ٹیم بولنگ کرے اور کون سی بیٹنگ۔’

تیسرے ٹویٹ میں کہا گیا کہ اگر میدان میں درجۂ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ جاتا ہے یا اس سے زیادہ ہوتا ہے تو ٹیسٹ کھلاڑیوں کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ نیکر یا شارٹس پہن سکیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ناظرین کو کرکٹ سے مزید قریب لانے کے لیے کمنٹیٹرز کو میدان میں سلپ کے پیچھے کھڑا کیا جا سکتا ہے۔
یہی نہیں بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ اب ایک ہی بار میں دو کھلاڑی آؤٹ کیے جا سکتے ہیں۔ یعنی فیلڈنگ ٹیم اگر کیچ پکڑ لیتی ہے اس کے بعد اسے یہ اختیار ہوگا کہ وہ رن لیتے ہوئے بیٹسمین کو رن آؤٹ کر بھی دے۔

یہی نہیں بلکہ ڈے اور نائٹ ٹیسٹ میچز میں شام کے بعد رنز دوگنے ہو جائیں گے۔
یہ پیغامات سامنے آتے ہی ان پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور جہاں کچھ صارفین نے فوراً ہی اس کا تعلق اپریل فول سے جوڑ لیا وہیں کچھ ان پیغامات کو حقیقت پر مبنی سمجھ بیٹھے۔
ایسے ہی ایک صارف نے کہا ’تبدیلی تو ٹھیک ہے لیکن اسے معیار سے نیچے نہ لے جایا جائے۔‘ کسی نے لکھا کہ جرسی پر انسٹاگرام ہینڈل تو قابل قبول ہے لیکن ٹاس کی جگہ ٹوئٹر قبول نہیں۔
تاہم ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ‘آئی سی سی آج ترنگ میں ہے۔ اپریل فول پر اپریل فول بنا رہی ہے۔’
کچھ صارفین نے تو جیسے کو تیسا کے مصداق آئی سی سی کو ہی مشورے دے ڈالے۔ ایک صارف نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے آخری دن جب کھلاڑی تھک جائیں تو ناظرین کھیل کے فائنل سیشن میں کھیل سکتے ہیں۔