ہپ ہاپ کے سنہری دور سے چھ تصویریں، چھ کہانیاں

 

 music

لندن کے فوٹو گرافرز جینٹ بیک مین اور ڈیوڈ کوریو انیس سو بیاسی میں اس وقت ہپ پاپ سے پہلی بارمتعارف ہوئے جب وہ این ایم ای، میلوڈی میکر اور دی فیس جیسے موسیقی کے جریدوں کے لیے کام کے سلسلے میں نیویارک میں موجود تھے ۔اس وقت انہیں ہپ ہاپ کی نسبتاً نئی صنف اور اس سے جڑی ثقافت تک رسائی ملی۔ ایسی صنف جس نے آنے والی دہائیوں میں عالمی موسیقی کے افق پر راج کرنا تھا۔

لندن میں ایک نمائش میں اس وقت کے نوخیز فنکاروں کے پورٹریٹ رکھے گئے ہیں جومستقبل میں ریپ موسیقی کے دیوتا مانے گئے۔ ان میں رن ڈی ایم سی، سلک رک، سالٹ این پیپا، ہوڈینی، گرینڈ ماسٹر فلیش، ایل ایل کول جے اور کوئن لطیفہ شامل ہیں۔

جینیٹ اور ڈیوڈ نے نمائش میں اپنی پسندیدہ چھ تصاویر رکھی ہیں اور ان کی کہانی بھی بتائی ہے۔

رن ڈی ایم سی اور پوسی کی 1984 میں کوئنز میں لی گئی تصویر

یہ تصویر دی فیس رسالے کے لیے لی گئی تھی۔ انھوں نے مجھے ایک نمبر دیا جو جیم ماسٹر جے کی والدہ کے گھر کا تھا۔ میں نے کیمرہ لیا اور ٹرین میں سوار ہو گئی۔ جے مجھے سٹیشن سے گلی تک لے گیا اور وہاں یہ سب موجود تھے۔ میں نے تین یا چار تصویریں لی ہوں گی۔ وہ مجھ سے پوچھنے لگے ’تمہیں ہم سے کیا چاہیے۔‘ میں نے کہا ’بس یہاں کھڑے رہیں۔‘ وہ کمال کے لگ رہے تھے۔ وہ یقیناً بہت سنجیدہ نظر آرہے ہیں۔ مجھے یہ یاد نہیں پڑتا کہ وہ کھلکھلائے ہوں، وہ کام کو سنجیدگی سے لے رہے تھے۔ ہپ ہاپ میں آپ کے رویے میں ایک کروفر ہوتا ہے۔

music

بز مارکی کی 1988 میں لندن میں لی گئی تصویر

بز مارکی ہو تو سب کچھ بہترین ہی ہوتا ہے۔ کولڈ چلن کے اس ٹور پر بز مارکی تھے، میک شان تھے، مارلے مارل تھے، اور بگ ڈیڈی کین تھے۔ ریکارڈ کمپنی کینسنگٹن لین سے پرے تھی اور انھوں نے کہا کہ میرے پاس بیس تیس منٹ ہیں کہ ان سب کے فوٹو لوں ، وہ بھی انفرادی۔ بز ایک کھڑی بی ایم ڈبلیو کے بونٹ پر چڑھ گئے اور وہیں اچھلنے لگے، ہمیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ گاڑی کس کی ہے۔ مجھے لگا کہ کوئی ہمیں گرفتار کر لے گا۔ لیکن بز نے کیمرے میں دیکھا، زبان بھی نکال لی۔ بز ان لوگوں میں سے ہیں جنہیں بہت کچھ سمجھانا نہیں پڑتا، میں جب انہیں دیکھتا وہ ایک نئی حرکت کر رہے ہوتے۔ میں اپنے آپ سے پوچھتا رہا ہوں کہ تصویر بلیک اینڈ وائیٹ ہی کیوں لی، رنگین کیوں نہیں لی، لیکن میرے خیال میں یہ موسیقی کی اس صنف کے مزاج سے ہم آہنگ ہے۔

hiphop

سالٹ این پیپا کی 1986 میں مینہیٹن میں لی گئی تصویر

نوجوانوں کے ایک رسالے نے مجھے اس غیر معروف بینڈ کی تصاویر لینے کےلیے کہا۔ اس دن نیو یارک میں کافی گرمی تھی۔ لڑکیاں آپس میں بہترین دوست معلوم ہوتی تھیں۔ مسلسل کھلکھلاتی ہوئی۔ وہ سوشل میڈیا اور سیلفیز کا دور نہیں تھا تو لوگوں کو کیمرہ کے لیے تاثرات دینے کی عادت نہیں تھی۔ لیکن یہ لڑکیاں بہت ہنس مکھ تھیں۔ آتی جاتی گاڑیوں میں بجتی موسیقی پر ناچنے لگتیں اور میں ان کی تصویر لے لیتی۔ مجھے یہ تصویر بہت پسند ہے کیونکہ اس میں نیو یارک کے محسوسات ہیں۔

band

لندن میں 1982 میں راک سٹیڈی کریو کا بریک ڈانسر

یہ وکٹوریا میں ایک پرانا تھیٹر تھا۔ یہ برطانیہ کا دوسرا ہی ہپ ہاپ شو تھا۔ لندن کے لوگ پہلی مرتبہ بریک ڈانس سے متعارف ہو رہے تھے۔ مجھے یاد ہے یہ لڑکا سر پر گھوما اور ہوا میں معلق ہو گیا۔ مجھے اس تصویر میں لوگوں کے چہرے کے تاثرات بہت پسند ہیں۔ جیسے اس سے پہلے انھوں نے ایسا کچھ نہ دیکھا ہو۔ دیکھیں لوگوں نے کیا پہن رکھا ہے ۔ اون کے جمپر۔ ہپ پاپ میں اب ایسے کپڑے نہیں پہنے جاتے ۔ لیکن یہ سب بعد میں تبدیل ہوا۔

dance

ای پی ایم ڈی کی لانگ آئی لینڈ میں 1988 میں لی گئی تصویر

میں ایک چھوٹے لیبل سلیپنگ بیگ کے لیے کام کر رہی تھی جب ای پی ایم ڈی کی یہ تصویر لی۔ ہمیں شوٹ کے لیے دوپہر کا وقت ملنا تھا۔ ہم انتظار کرتے رہے اور ان کا کوئی اتا پتہ نہ تھا۔ وہ موبائل فون اور پیجر کا دور نہیں تھا۔ میرے معاون نے کچھ دور جا کر ایک فون بوتھ ڈھونڈا اور ان سے رابطہ کیا۔ مینیجر نے بتایا کہ ‘وہ گاڑیوں کے رم پالش کروا رہے ہیں۔‘ سورج ڈھلنے سے پہلے ہمیں ان کی کاروں کی چنگھاڑ سنائی دی۔ وہ آتے ہی گاڑیوں کے ہڈ پر ببیٹھ گئے ۔ مجھے ان کے لباس پر تعجب ہوا۔ لگا جیسے خواتین کے پاجامے پہن رکھے ہوں۔ بعد میں یہ تصویری کور بے حد مقبول ہوا۔

singer

روزین شینتے کی لندن میں 1989 میں لی گئی تصویر 

میں نے سنٹرل لندن میں ان کے ہوٹل میں ان سے ملاقات طے کی۔ وہ مجھے بہت بے تکلف اور معقول لگیں۔ ان میں بہت ادا تھی۔ ان کی عمر اٹھارہ انیس برس کی ہوگی۔ ان کے جیکٹ پر ایک بیج تھا جس پر ایک بچے کی تصویر تھی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ان کا بیٹا ہے اور وہ پندرہ سال کی عمر میں ماں بن گئی تھیں۔ شوٹ کے بعد جب وہ مڑیں تو میں کہہ اٹھا ’ارے میں نے پشت پر آپ کے بال تو دیکھے نہیں۔‘ انھوں نے ایک کان میں دو بالیاں پہن رکھی تھیں۔ بس یہی میرا فائنل شاٹ بنا۔