انڈیا کو شکست، بنگلہ دیش پہلی بار ویمن ایشیا کپ کا فاتح

 

 

بنگلہ دیشی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں انڈیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ایشین چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
اتوار کو کوالالمپور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلہ دیش نے 113 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری گیند پر حاصل کر کے چھ بار کی ایشین چیمپیئن انڈیا سے ایشیائی چیمپیئن کا تاج چھین لیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نگار سلطانہ نے چار چوکوں کی مدد سے 27 اور رومانہ احمد نے ایک چوکے کی مدد سے 24 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے پونم یادیو نے بنگلہ دیش کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 

 

اس سے پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے 42 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھالی راج اور کرشنا مورتی 11،11 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے خدیجۃالکبریٰ اور رومانہ احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم انڈیا اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد اس ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزازا حاصل کیا تھا۔