سلمان خان کی ضمانت کی درخواست، جج کو تبدیل کر دیا گیا

 

 

انڈیا میں نایاب کالے ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے کے معاملے میں بالی وڈ سٹار سلمان خان کی ضمانت کے سلسلے میں مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو انھیں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے معاملے میں مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال کی ‎سزا سنائی گئی تھی اور انھیں جودھپور کی سینٹرل جیل میں رکھا گیا تھا۔
انھیں فوری طور پر ضمانت نہیں مل سکی تھی اور عام تاثر یہ تھا کہ انھیں جمعے کو ضمانت مل جائے گی۔
لیکن جمعے کو سلمان خان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت مکمل نہیں ہو سکی۔
مقامی صحافی نارائن باریٹھ نے بتایا کہ مقدمے کی سماعت سیشن کورٹ کے ریکارڈ کی کمی کی وجہ سے سنیچر تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔
دوسری جانب جمعے کو ہی راجستھان ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالے جانے والے ٹرانسفر آرڈر کے مطابق جودھپور کے ڈسٹرکٹ اور سیشن جج رویندر کمار جوشی کا تبادلہ سروہی کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ چندرشیکھر شرما کو جودھ پور بھیجا جا رہا ہے۔

قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ تبادلے کے اس حکم نامے کے بعد یہ بات رویندر کمار جوشی پر منحصر ہے کہ وہ سلمان خان کی ضمانت کے مقدمے کی سماعت سنیچر کو کرتے ہیں یا نہیں۔
اداکار سلمان خان کے وکیل مہیش بوڑا نے بتایا کہ عدالت میں ضمانت پر بحث مکمل ہو چکی ہے۔ جج نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے جمعرات کے فیصلے کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ ریکارڈ دیکھنے کے بعد سلمان خان کو ضمانت پر رہا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وہ سنیچر کو سنائیں گے۔
 

 

مہیش بوڑا نے بتایا کہ سیشن کورٹ میں انھوں نے یہ دلیل پیش کی کہ ذیلی عدالت کا جمعرات کا فیصلہ بالکل غلط ہے اور اس میں بعض گواہ ایسے پیش کیے گئے تھے جن کی گواہی ایک متعلقہ معاملے میں مسترد کر دی گئی تھی۔

ریاستی ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالے جانے والے آرڈر نمبر 20 میں کل 87 ججوں کے تبادلے کیے گئے ہیں جن میں رویندر کمار جوشی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر سلمان خان اور بلیک بک پوچنگ کیس ٹرینڈ کر رہا ہے اور اس کے تحت مختلف قسم کے ٹویٹ سامنے آ رہے ہیں۔

آئی پی ایس سنجیو بھٹ کے آفیشيئل ہینڈل سے لکھا گيا: ‘سلمان خان کے کالے ہرن کو مارنے پر ملنے والی سزا سے سبق:
‘آپ انڈیا میں کالے ہرن، گائے اور دوسرے تحفظ یافتہ یا مقدس جانور کو مار کر بچ نہیں سکتے۔
‘دلتوں، مسلمانوں، مسیحیوں۔۔۔ اور دیگر محروم اور مجبور انسانوں کا قتل بالکل مختلف معاملہ ہے۔’
اداکار شتروگھن سنہا نے لکھا: ‘شام پڑھے لکھے دانشور شخص سلیم خان کے ساتھ گزاری۔ وہ ایک لائق بیٹے سلمان خان کے لائق والد ہیں۔ سلمان خان ریل اور ریئل لائف دونوں کے ہیرو ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ انھیں جلد از جلد اس معاملے میں راحت ملے۔’