بالی وڈ ڈائری: کیا ہیروئن کی ایکسپائری ڈیٹ طے ہے؟

بالی وڈ کی پہلی خاتون سپر سٹار کہی جانے والی اداکارہ سری دیوی کی اچانک موت نے جہاں لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا وہیں مختلف افواہوں کو بھی جنم دیا ہے۔
کچھ ٹی وی چینلز نے سری دیوی کی موت کو ڈرامے کا روپ دے کر اپنی ٹی آر پی بڑھانے کا سنہرا موقع سمجھا تو کچھ نے انتہائی غیر حساس طریقے سے اس تمام واقعہ کو رپورٹ کیا۔ کچھ چینلز کے اس غیر حساس رویے کی مذمت تو ہوئی لیکن ساتھ ہی بالی وڈ نام کی اس چمکدار اور خوابوں کی دنیا کے اندر موجود تلخ حقائق پر بھی بات ہوئی کہ نام، شہرت اور دولت کی اس چمکتی دنیا میں ڈھلتی عمر کس طرح کے پریشر ساتھ لاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایسے ماحول میں ہیروئنز پر خود کو جوان بنائے رکھنے کی انتھک کوششیں انھیں مختلف سرجریز اور ادویات کی جانب لے جاتی ہیں۔ سری دیوی کی اچانک موت کا سبب جو بھی تھا اس سے قطع نظر اس بات کو جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ بالی وڈ میں جہاں 50 سال کی عمر کے بعد بھی ایک ہیرو 25 سال کی ہیروئن کے ساتھ رومانس کر سکتا ہے لیکن ہیروئن کی ‘ایکسپائری ڈیٹ’ طے ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر سلمان خان کو ہی لے لیجیے۔ 51 سال کے سلمان خان نے فلم ‘پریم رتن دھن پائیو’ میں اپنے سے آدھی عمر کی ہیروئن سونم کپور کے ساتھ ہیرو کا کردار نبھایا حالانکہ سونم کپور کے اس کردار میں مادھوری دکشٹ یا سری دیوی جیسی ہیروئنز زیادہ موثر نظر آتیں کیونکہ سونم اور سلمان کی عمر کا فرق پردے پر صاف نظر آ رہا تھا لیکن پھر بھی فلم کامیاب رہی۔

یہ بھی پڑھیے

غالباً یہاں قصور صرف فلمساز کا نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کی سوچ یا ذہینیت کا بھی ہے۔
سلمان خان سے یاد آیا کہ ان کی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ بھی چین میں ریلیز کر دی گئی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ کمائی کے لحاظ سے چین میں عامر خان کی فلم ’سیکرٹ سپر سٹار’ کا ریکارڈ توڑے پائے گی۔
انوشکا شرما اور رنبیر کپور اچھے دوست کہے جاتے ہیں۔ ان دونوں نے ‘اے دل ہے مشکل ‘ جیسی کامیاب فلم بھی دی ہے۔ اس ہفتے انوشکا کی فلم ‘پری’ ریلیز ہوئی ہے۔
فلم ’پری‘ میں انوشکا کا لک ڈیزائن کرنے والی کلوور ووٹن کا کہنا ہے کہ انھوں نے اور انوشکا نے مل کر رنبیر کپور کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی۔
ووٹن نے رنبیر کو بتایا کہ فلم میں انوشکا آدھی عورت اور آدھے کتے کا کردار نبھا رہی ہیں اور رنبیر اس بات کو سچ سمجھ بیٹھے۔ کافی عرصے بعد جب انوشکا سے ان کی ملاقات ہوئی تو بیچارے رنبیر سب کے سامنے پوچھ بیٹھے کہ وہ فلم میں جو کتے کا کردار نبھا رہی ہیں اس کی شوٹنگ کیسی جا رہی ہے۔؟

یہ سنتے ہیں وہاں موجود تمام لوگوں کی ہنسی چھوٹ گئی۔ لگتا ہے رنبیر بہت سیدھے ہیں ہر لڑکی کی بات پر آسانی سے یقین کر بیٹھتے ہیں۔ تبھی تو بریک اپ کے بعد بریک اپ ہو رہے ہیں۔