بالی وڈ راؤنڈ اپ: پاک دامن ہونے کا مطلب ہے کیا؟

فلم ‘پدماوت’ ریلیز سے پہلے جتنے ہنگاموں سے گزری لوگوں کا خیال تھا کہ ریلیز کے بعد یہ طوفان تھم جائے گا لیکن اداکارہ سوارا بھاسکر نے کئی چبھتے سوال کر دیے۔
سنجے لیلا بھنسالی تو اداکارہ سوارا بھاسکر کے چبھتے سوالوں کا کڑوا گھونٹ پی گئے اور خاموشی اختیار کر لی یا پھر انھیں کوئی جواب نہیں سوجھ رہا لیکن سوشل میڈیا کے ٹھیکیداروں نے سوارا کو بری طرح ٹرول کرنا شروع کر دیا۔

٭

٭

فلم میں سنجے لیلا بھنسالی نے جس طرح آگ میں کود کر ستی ہونے کی رسم کو پرکشش بنا کر پیش کیا اس پر کسی بھی ذی ہوش انسان کا سوال اٹھانا حیران کن امر نہیں اور سوارا کا یہ کہنا کہ کیا ایک عورت کا وجود صرف اس کے جسم کے مخصوص حصوں کا محتاج ہے اور کیا کسی عورت کو بیوہ یا ریپ کا شکار ہونے کے بعد جینے کا حق نہیں ہے، کیا اس کا وجود کسی مرد کی خواہش اور تحفظ کا محتاج ہے، اپنے آپ میں اہم سوال ہیں۔

یہاں سوال یہ بھی ہے کہ پاکیزہ دامن ہونا صرف عورتوں کے لیے کیوں ضروری ہے یا پھر یہ کہ پاک دامن ہونے کا مطلب کیا ہے اور یہ صرف خواتین کے ساتھ ہی کیوں وابستہ ہے؟
سوارا کے خلاف کافی کچھ کہا جا رہا ہے لیکن کچھ لوگوں نے اسے اظہارِ رائے کی آزادی کہتے ہوئے ان کا ساتھ بھی دیا ہے۔
آدیتی راؤ حیدری جنھوں نے فلم میں علاءالدین خلجی کی پہلی بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور فلم میں ایک ڈری سہمی معصوم سی شہزادی نے لوگوں کو کچھ اس طرح متاثر کیا کہ دپیکا اور رنویر سنگھ کی موجودگی کے باوجود اس کردار نے اپنی ایک الگ چھاپ چھوڑی ہے۔

٭

٭

آدیتی کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر موضوع پر اپنی رائے دینے کا حق ہے۔ وہ اپنے کردار کے بارے میں مطمئن ہیں کیونکہ انھوں نے اپنے کردار کے ساتھ پورا پورا انصاف کرنے کی کوشش کی ہے۔
چند دنوں سے یہ خبر میڈیا اور سوشل میڈیا پر گرم ہے کہ امیتابھ بچن ٹوئٹر چھوڑنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں کیونکہ ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کم ہو گئے ہیں اور شاہ رخ خان نے ان کی جگہ لے لی ہے۔
دراصل امیتابھ بچن نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ‘ٹوئٹر آپ نے میرے فالوورز کی تعداد کم کر دی اب آپ سے جدا ہونے کا وقت آ گیا ہے۔’
٭

٭

ان کی یہ ٹویٹ ایسے وقت میں آئی جب امریکی ایجنسیوں نے بڑھتے ہوئے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی شروع کی جس کے بعد جعلی اکاؤنٹس بند ہونے لگے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا ان کے فالوورز کم ہونے کا تعلق اس تحقیقات سے ہے یا نہیں۔ اس وقت شاہ رخ خان بالی وڈ کے واحد سٹار ہیں جن کے سب سے زیادہ فالوورز ہیں۔

74 سالہ سپر سٹار امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر بہت سرگرم ہیں اوراپنی پروفیشنل اور ذاتی زندگی کے بارے میں لوگو ں کو بتاتے رہتے ہیں۔