تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 258 رنز کا ہدف

پاکستان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب دے دیے گئے 258 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہا ہے۔
ڈنیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 257 رنز بنائے۔
اب سے کچھ دیر قبل تک پاکستان نے 26 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز فہیم اشرف تھے جنھوں نے 10 رنز بنائے۔ ان کے فوراً بعد ہی حسن علی بھی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر فخر زمان دو، بابر اعظم آٹھ جبکہ محمد حفیظ اور اظہر علی بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا ہے تو دوسرے اوور میں اظہر علی دس گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صفر پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے اور چوتھے اوور میں دو رنز بنا کر فخر زمان نے جمے قدموں کے ساتھ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تو گیند ان کے بلے سے لگتی ہوئی وکٹوں سے ٹکرا گئی۔

اس کے بعد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے اور چار گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صفر پر بالکل اسی طرح سلپ میں کیچ دے دیا جیسا کہ اظہر علی نے دیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جبکہ پاکستان نے امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو دوسرے میچ میں انجری کے باعث باہر ہو گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کو اس سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور اننگز کے دوسرے اوور میں 15 کے مجموعی سکور پر باؤنڈری لگانے کی کوشش میں منرو وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن سنبھل گئی اور 84 کے مجموعی سکور پر ولیمسن کی جانب سے دوسرا رن لینے کی کوشش میں دوسرے اینڈ پر اوپنر گپٹل 45 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔
158 کے مجموعی سکور پر ولیمسن 73 رنز پر رومان رئیس کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد 209 رنز پر شادان خان نے ٹیلر کو 52 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا اور اگلی کی گیند پر نکولس کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔
نکلوس کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں یکے بعد دیگر گرنی شروع ہو گئیں جس میں سینٹنر، ساؤدی اور فرگوسن چھ چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ایسٹل نے پانچ اور بولٹ نے 13 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور رومان رئیس نے تین تین، شاداب خان نے دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت 61 رنز سے شکست دی تھی۔
جبکہ بارش سے متاثرہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی تھی یوں پاکستان کو سیریز میں رہنے کے لیے تیسرا ون ڈے میں کامیابی حاصل ضروری ہو گا۔

پاکستان ٹیم: اظہر علی، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس۔
نیوزی لینڈ ٹیم: مارٹن گپٹل، کولن منرو، کین ولیمسن، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نکولس، ٹوڈ ایسٹل، مچل سینٹنر، ٹیم ساؤدی، لوکی فرگوسن اور ٹرنٹ بولٹ۔