دفاعی بجٹ کا دو فیصد سینٹری پیڈز پر خرچ ہو: اکشے کمار

بالی وڈ فلموں کے کھلاڑی کہے جانے والے اکشے کمار گذشتہ چند برسوں سے حب الوطنی اور سماجی مسائل سے وابستہ فلموں میں زیادہ دلچسپی لیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
فلم ’ٹائلٹ ایک پریم کتھا‘، اور ’ایئر لفٹ‘ جیسی فلموں کے بعد اب ان کی نئی فلم ’پیڈمین‘ ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
یہ فلم ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو خواتین کی دشواری کو سمجھتا ہے اور ہر مہینے ان کی زندگی آسان کرنے کے لیے خود گھریلو سطح پر پیڈز بنانا شروع کرتا ہے۔

اس فلم کے پروموشن کے دوران اکشے نے بتایا کہ انھیں خود ماہواری کے بارے میں کئی باتیں دو برس پہلے معلوم ہوئیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ ’جیسے باقی گھروں میں ہوتا ہے مجھ سے بھی میرے گھر میں اس بارے میں چھپایا گیا تھا۔ جیسے جیسے بڑا ہوتا گیا مجھے اس بارے میں پتا چلتا گیا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’یہ کیسے ہوتا ہے اور اس دوران خواتین کو کیا کرنا چاہیے، یہ تمام باتیں انڈیا میں 82 فیصد خواتین کو پتا ہی نہیں ہیں۔‘
اکشے کمار کے مطابق ’ان مشکل دنوں میں انڈیا کے کئی علاقوں میں خواتین مٹی، پتے اور راکھ جیسی اشیا استعمال کرتی ہیں جو کہ بہت شرمناک بات ہے۔ اس بارے میں مجھے جب دو سال قبل معلومات ہوئی تو مجھے لگا اس بارے میں فلم کی ضرورت ہے۔‘

یہ فلم سستی پیڈ مشین بنانے والے اروناچلم مرگوناتھم نامی شخص کی اصل کہانی سے متاثر ہے۔ اکشے نے بتایا کہ مرگوناتھم کی ایک بات ان کے دل میں گھر کر گئی۔ انھوں نے کہا تھا کہ اگر ملک کی خواتین طاقتور ہوں گی تو ملک بھی طاقتور ہوگا۔

اکشے نے سوال کیا کہ ملک کے دفاعی بجٹ پر ہر سال جو خرچ ہوتا ہے اس کا کیا فائدہ جب ملک کی خواتین ہی طاقتور نہ ہوں۔ ان کا خیال ہے کہ ملک کے دفاعی بجٹ کا دو فیصد حصہ خواتین کو مفت سینیٹری پیڈز فراہم کرنے میں خرچ ہونا چاہیے۔

ماہواری کے دوران خواتین کی حالت کے بارے میں اکشے نے کہا کہ ’میں ان دنوں اس بارے میں بہت کچھ پڑھ رہا ہوں۔ ہمارے ملک میں خواتین کے لیے وہ پانچ دن جہنم کی طرح ہوتے ہیں۔ اور اس کی وجہ ماہواری نہیں بلکہ ان کے ارد گرد افراد کا رویہ ہوتا ہے۔ ان کے پاس صفائی کا انتظام نہیں ہوتا ہے۔ کئی غیر مناسب روایات ماننی پڑتی ہیں جیسے باورچی خانے میں داخل نہ ہونا، اچار نہ چھونا یا مندر نہ جانا۔‘

ایسی روایات پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’یہ بہت شرمناک بات ہے کہ سکول جانے والی لڑکیوں کے کپڑوں پر اگر داغ لگ جاتا ہے تو انھیں چھیڑا جاتا ہے۔ کئی لوگ مذاق اڑاتے ہوئے اسے پانچ دن کا ٹیسٹ میچ بھی کہتے ہیں۔‘

اکشے کمار کا خیال ہے کہ بچپن میں لڑکیوں کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ ہونا چاہیے کہ وہ ماہواری کے بارے میں شرمندہ نا محسوس کریں۔
فلم ’پیڈ مین‘ کے ہدایت کار آر بالکی ہیں اور اس فلم میں اکشے کے علاوہ اداکارہ سونم کپور اور رادھکا آپٹے اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم 26جنوری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔