75ویں گولڈن گلوب میں سب نے سیاہ لباس کیوں پہنے؟

‘تھری بل بورڈز آؤٹ سائڈ ایبنگ’ کو بیسٹ موشن پکچرز (ڈرامہ) کے ساتھ مجموعی طور پر چار ایوارڈز ملے جبکہ ‘لیڈی برڈ’ نے کامیڈی اور میوزیکل کے زمرے میں بہترین موشن پکچرز کے ساتھ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

فلم سیریز ‘بگ لٹل لائیز’ کو ٹی وی کے زمرے میں بہترین ٹی وی سیریز کے ساتھ چار ایوارڈز ملے۔
معروف اداکارہ اوپرا ونفری کو انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں نمایاں خدمات کے لیے ‘سیسل بی ڈی میلے’ ایوارڈ سے نوازا گیا اور ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ان کی تقریر کو لوگوں نے بہت سراہا۔
75 ویں گولڈن گلوب ایوراڈز کی تقریب لاس اینجلس کے بیورلی ہلز میں ہوئی جس میں ریڈ کارپٹ پر فنکاروں نے سیاہ لباس زیب تن کیے۔
انھوں نے ‘ٹائمز اپ’ مہم کی حمایت میں سیاہ لباس پہنے تھے جو کہ جنسی تشدد اور ہراس کے شکار افراد کی حمایت میں حال میں سامنے آئی ہے۔
خیال رہے کہ ہالی وڈ میں جنسی ہراسگی کے معاملات سامنے آنے کے بعد منعقد ہونے والی یہ پہلی بڑی تقریب تھی۔
ڈرامہ کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ گیری اولڈمین کو فلم ‘ڈارکسٹ آور’ میں اداکاری کے لیے دیا گیا جبکہ اسی شعبے میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ‘تھری بل بورڈز’ کی اداکارہ فرانسس میکڈورمانڈ کو ملا۔

کامیڈی اور میوزیک کے زمرے میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیمز فرینکو کو فلم ‘دا ڈیزاسٹر آرٹسٹ’ میں اداکاری کے لیے ملا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ سوئرسے رونن کو فلم لیڈی برڈ میں ان کی اداکاری کے لیے ملا۔

معاون اداکار کا ایوارڈ تھری بل بورڈ میں اداکاری کے لیے سیم راک ویل کو ملا جبکہ معاون اداکارہ کا ایوارڈ ایلیسن جینی کو فلم ‘آئی، ٹونیا’ کے لیے ملا۔
بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ‘دا شیپ آف واٹر’ کے لیے گلرمو ڈیل ٹورو کو ملا۔
بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ بھی تھری بل بورڈ کے حصے میں آیا جبکہ بہترین اینیمیٹڈ فلم کا ایوارڈ ‘کوکو’ کو ملا۔
بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کا ایوارڈ ‘ان دا فیڈ’ کو ملا۔
ٹی وی کے میدان میں بہترین اداکار کا ایوارڈ انڈین نژاد اداکار اور سٹینڈ اپ کامیڈین عزیز انصاری کو ‘ماسٹر آف نن’ کے لیے دیا گیا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ریچل بروسنن کو ‘دا مارولس مسز میزل’ کے لیے دیا گیا۔

اداکارہ نکول کڈمین کو بگ لٹل لائیز ٹی وی سیریز کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوراڈ ملا اور اسی زمرے میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ایوان میکگریگور کو ‘فارگو’ کے لیے ملا۔
۔