ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا 120 رنز سے فاتح، ایشز سیریز میں دو صفر کی برتری

ایشز 2017 کے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دوسری اننگز میں کامیابی کے لیے انگلینڈ کو 354 رنز کا ہدف درکار تھا تاہم جو روٹ کی ٹیم صرف 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے پانچ، ہیزل وڈ اور لیون نے دو دو جبکہ پال کمنگز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے بلے باز شون مارش رہے جنھوں نے پہلی اننگز میں 126 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
دوسری اننگز میں انگلینڈ کے کامیاب ترین بلے باز کپتان جو روٹ ہی تھے جنھوں نے 67 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ انگلینڈ کا کوئی بلے باز بھی نصف سنچری تک نہیں پہنچ سکا۔
میچ کے پانچویں روز انگلینڈ نے جب بیٹنگ شروع کی تو انھیں اپنی دوسری اننگز کے 354 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے مزید 178 رنز درکار تھے اور ان کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔ کریز پر جو روٹ 67 رنز جبکہ کرس ووکس پانچ رنز پر موجود تھے۔

آسٹریلیا کو ایشز حاصل کرنے کے لیے اب تیسرا ٹیسٹ جیتنا ہے جو کہ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پرتھ میں 1978 کے بعد سے اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جتنا ہے۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کی آسٹریلیا میں حالیہ کارکردگی بھی کچھ اچھی نہیں رہی ہے اور انھوں نے سات متواتر ٹیسٹ میچ ہارے ہیں۔

دوسری جانب یاد رہے کہ اس وقت ایشز کا اعزاز انگلینڈ کے پاس ہی ہے اور انھیں اسے برقرار رکھنے کے لیے سیریز برابر ہی کرنی ہوگی۔