بیوقوف نہیں کہ شاہ رخ جیسے سٹار کو ناراض کروں‘

ایک زمانے میں ٹی وی پر سب سے زیادہ مقبول رہنے والا کامیڈی شو ‘دی کپل شرما شو’ آج کل نظر نہیں آرہا اور اس کے بند ہونے کی خبریں عام ہیں لیکن اس کے بند ہونے کا سبب ہے کیا؟
حال ہی میں، سونی انٹرٹینمینٹ نیٹ ورک نے اپنے بیان میں ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کپل شرما کی صحت خراب ہونے کے سبب اس شو کو فی الحال بند کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ، کپل سے شاہ رخ خان اور اجےدیوگن کی ناراضی کی خبریں بھی آ رہی ہیں۔
لیکن اب کپل شرما نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فلم ‘فرنگی’ مکمل کرنے کے بعد اپنا شو لے کر واپس آئیں گے اور ان کا سونی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
روزنانہ انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق، انہوں نے کہا کہ، ‘میں پچھلے دس برس سے بریک لیے بغیر کام کر رہا تھا، ذہنی دباؤ، بلڈ پریشر اور شوگر سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں مجھے طبی مدد کی ضرورت تھی میں نے سوچا کہ اس سے پہلے صحت کا کوئی نیا مسئلہ ہو بریک لینا ہی بہتر ہو گا۔‘

فلم ‘فرنگی’ کی شوٹنگ ختم کرنے کے چکر میں شاہ رخ خان اور دوسرے اداکاروں کو انتظار کرانے کے الزام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ‘میں اتنا بیوقوف نہیں ہوں کہ شاہ رخ خان جیسے بڑے سٹار کو ناراض کر کے اپنی کمائی کا اتنا بڑا ذریعہ ختم کروں۔‘

ان کے مطابق وہ اپنی فلم میں وہی رقم لگا رہے ہیں جو انھیں ایسے شوز کی میزبانی کر کے ملتی ہے۔
کپل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’لوگ نہیں جانتے کہ شاہ رخ خان میرے لیے کیا ہیں اور میں انہیں کتنی عزت دیتا ہوں۔‘
انھوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ مارچ میں ختم ہو چکی ہے اور اب صرف پروموشنل گانا باقی ہے جسکی شوٹنگ ممبئی میں ہی ہونی ہے۔