لفٹ مین نے غلط طریقے سے چھوا تھا: اکشے

بالی وڈ کے سپر سٹار اکشے کمار نے ممبئی میں انسانوں کی سمگلِنگ پر ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کے دوران کہا کہ بچوں اور ماں باپ کے درمیان بات چیت کا فقدان بچوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
بچوں کو درپیش خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے اکشے نے اپنی ہی زندگی کا ایک واقعہ بیان کیا کہ کس طرح ان کے بچپن میں ایک مرتبہ ان کے لفٹ مین نے انھیں غلط طریقے سے چھوا تھا۔
اکشے کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کے اور ان کے والدین کے درمیان ہر موضوع پر کھل کر بات ہوتی تھی اس لیے انھوں نے بے جھجھک اپنے والدین کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا۔

لیکن عموماً بچے والدین کے ساتھ اس طرح کی گفتگو سے گھبراتے ہیں یا ان باتوں کو چھپا جاتے ہیں جس کے سبب بچوں کو جنسی طور پر حراساں کرنے والوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔
اکشے نے اپنی زندگی کے اس واقعہ کو بتا کر بچوں میں بیداری اور حوصلہ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن یہ عجیب بات ہے کہ اس طرح کے بڑے ستاروں کو ایسے واقعات کی یاد صرف اپنی فلم کی ریلیز سے پہلے ہی کیوں ستاتی ہے۔ اکشے کی فلم ‘ٹوائلٹ ایک پریم کتھا’ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

فلم کا موضوع اچھا ہے اور ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں انڈیا کے ایک اہم موضوع یا مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عالمی تنظیم صحت کے مطابق انڈیا کی آدھی سے زیادہ آبادی کے پاس ٹوائلٹ کی سہولت نہیں ہے اور اس صورت حال میں لوگوں اور خاں طور پر خواتین کو جس طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے وہ اس فلم کامرکزی خیال ہے۔

اس وقت انڈین سنیما نے ایسے ہی اہم موضوعات پر کام کرنا شروع کیا ہے۔ ایسی ہی ایک فلم عالمی حدت کے سنگین موضوع پر بنائی گئی ہے۔ نواز الدین صدیقی اور پراچی ڈیسائی کی اس فلم کا نام ہے ‘کاربن’۔
فلم کے نام سے ہی ظاہر کہ اس میں عالمی حدت اور دنیا پر اس کے خطرناک اثرات کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ اگر آج کچھ نہ کیا گیا تو انسان کو کس طرح کی زندگی اور حالات کا سامنا ہو گا۔
فلمساز جیکی بھگنانی نے اس فلم کا ٹریلر 13 جولائی کو نیو یارک میں ہونے والے آئیفا ایوارڈز میں جاری کرتے ہوئے کہا ‘اس دنیا کا باسی ہونے کے ناطے یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں ماحولیات میں آنے والی تبدیلیوں اور عالمی حدت کے سبب پیدا ہونے والے خطرات سے لوگوں کو آگاہ کروں اور بطور فلمساز میرے خیال میں فلم اس کا سب سے اچھا ذریعہ ہے۔’

کاش نیویارک میں ہونے والے اس شو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ہوتے جنھوں نے عالمی حدت کو کم کرنے کے عالمی فنڈز میں کٹوتی کا اعلان کیا ہے!
رنبیر کپور کے پاپا رشی کپور ایک بار پھر ٹوئٹر پر سرگرم ہوئے اور اس بار ان کا نشانہ ‘جگا جاسوس’ کے ڈائریکٹر انوراگ باسو تھے۔ رشی کپور نے انوراگ باسو کو ایک غیر ذمہ دار ہدایت کار کہا۔
دراصل ‘جگا جاسوس’ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوئی ہے اور رنبیر بھی اس کے پروڈیوسروں میں سے ایک تھے۔ رشی کا کہنا تھا کہ انوراگ نے فلم بنانے میں انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انوراگ فلم کی ریلیز سے دو دن پہلے تک فلم کی مکسنگ میں مصروف تھے اور انھوں نے فلم ریلیز سے صرف ایک دن پہلے دیکھی۔
بحرحال انوراگ نے اس بارے میں کوئی ردِ عمل ظاہر کرنے سے انکار کیا جو ‘گینگسٹر’، ‘لائف ان میٹرو’ اور ‘برفی’ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔