کوئٹہ: فائرنگ کے تبادلے میں مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں حکام نے تین مسلح افراد کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کوئٹہ پولیس کے ذرائع کے مطابق تینوں افراد کی ہلاکت کا واقعہ بروری روڈ کے علاقے عیسیٰ نگری میں جمعرات کی رات پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے اس علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی نفری طلب کی گئی۔

پولیس ذرائع نے نامہ نگار محمد کاظم کو بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین مسلح افراد ہلاک ہوگئے تاہم آزاد ذرائع سے ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کی جانب سے تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ مارے جانے والے افراد کا تعلق کس سے تھا۔
تینوں افراد کی لاشوں کو شناخت کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
ان تینوں افراد کی مبینہ مقابلے میں ہلاکت کا واقعہ کوئٹہ شہر میں پولیس کے ایک ایس پی سمیت چار اہلکاروں کی ہلاکت کے 13گھنٹے بعد پیش آیا۔
خیال رہے کہ کوئٹہ پولیس کے ایس پی مبارک شاہ اور ان کے تین محافظوں کو نامعلوم مسلح افراد نے جمعرات کی صبح کلی دیبہ کے علاقے میں فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔